احتساب سے خوف نہیں لیکن بلاتفریق ہونا چاہیئے، محمد زبیر


کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ہم احتساب سے ڈرنے والے نہیں، وزیراعظم عمران خان عوام سے معافی مانگیں جن کو چور کہتے تھے وہ حکومت میں ہیں۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ نے کہا کہ  وزراء اور مشیروں کی جانب سے چور اور ڈاکو کے الزمات تو لگائے جارہے ہیں لیکن الیکشن سے قبل جو سہانے خواب دکھائے گئے تھے وہ نظر نہیں آرہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فالودے والے کے اکاﺅنٹ سے اربوں روپے نکل رہے ہیں جن بے نامی اکاﺅنٹ سے پیسے نکل رہے ہیں اس کے بانی پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین ہیں۔

محمد زبیر نے سوال کیا کہ علیم خان اور زلفی بخاری کا احتساب کب ہوگا؟ کیا مدینہ کی ریاست ایسی ہوتی ہے؟عمران خان حساب دیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی بات ہے تو ان کی کوئی حیثیت نہیں وہ لوٹے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی رکن نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے جو تقریر کی اس پر وضاحت دی جانی چاہئے۔

محمد زبیر کا مزید کہنا تھا کہ پچاس لاکھ گھروں کا جو منصوبہ بنایا گیا تھا وہ کہاں ہے؟ یہ منصوبہ شاید برطانوی نژاد پاکستانی تاجر انیل مسرت کو نواز نے کے لئے بنایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں