چودھری پرویز الٰہی کا مقابلہ وزیراعلیٰ پنجاب نہیں کرسکیں گے، محسن بیگ


اسلام آباد: ممتاز صحافی و تجزیہ کار محسن بیگ نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کمزور ٹارگٹ ہیں، وہ چودھری پرویز الٰہی کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ایک یا دو سال بعد کے لیے بھی ان کا خواب وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا ہے اور وہ اس حوالے سے کام بھی کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کا وزیراعلیٰ بننے کا خواب 1986 کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ وزیراعلیٰ پنجاب رہے تو انہوں نے پانچ سال مرکز کو چلنے نہیں دیا۔

پروگرام کے میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے محسن بیگ نے یقین سے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کا مقصد پنجاب واپس لینا ہے اور عثمان بزدار ان کے لیے کمزور ٹارگٹ ہیں تو یہ کام بھی ان کے لیے آسان ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سب اقتدار کی جنگ ہے۔

حکومت پنجاب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہاں گورننس نظر نہیں آئی ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا منشور ہی کرپشن سے پاکی تھا تو ان کو اس حوالے سے کام کرنا چاہیے تھا مگر سب کچھ اس طریقے سے ہونا چاہیے کہ ملکی معاملات میں خلل پیدا نہ ہو۔

پروگرام میں موجود ممتاز ماہر قانون شاہ خاورنے کہا کہ عثمان بزدار ایک شریف النفس انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ٹریک ریکارڈ بھی کافی اچھا ہے مگر پنجاب جیسے صوبے کو چلانے کے لیے منجھے ہوئے سیاستدان کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی سیاست 80 فیصد صوبے کی سیاست ہے یعنی جس نے لاہور کو کنٹرول کرلیا بس وہی صوبہ چلاسکتا ہے۔

ڈی جی نیب لاہور کے حالیہ بیانات کے حوالے سے ممتاز قانون دان نے دعویٰ کیا کہ وہ ایسا کسی کی اجازت کے بغیر نہیں کر سکتے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس ضمن میں تحقیقات ہونی چاہئیں کہ کیا بیانات دینے سے قبل انہوں نے اجازت لی تھی یا نہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ وہ میڈیا پر بیٹھے اینکرز کی وکٹ پر کھیل گئے ہیں۔

ہم نیوز کے معروف پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ کے میزبان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان ہمیشہ سے سخت مقابلہ رہا ہے لیکن ضرورت کے وقت ان میں اتحاد بھی ہوجاتا ہے۔

ممتاز ٹی وی اینکر ندیم ملک نے کہا کہ کوئی بھی حکومت پنجاب کو ہاتھ سے نکلنے دینا نہیں چاہتی ہے کیونکہ جو پنجاب میں حکومت بنا لیتا ہے وہی مرکز میں بھی حکومت بنا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت وزیراعظم عمران خان کے پاس پنجاب میں وزیراعلیٰ کے منصب کے لیے عثمان بزدار کے علاوہ کوئی اور نام نہیں ہے۔

 


متعلقہ خبریں