تمام ریٹائرڈ ملازمین کو ایک سال کے اندر فارغ کریں گے، شیخ رشید



اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تمام ریٹائرڈ آفیسرز کو ایک سال کے اندر فارغ کر دیا جائے گا، ریٹائرڈ ملازمین چھ چھ سال بعد بھی اپنے عہدوں پر موجود رہتے ہیں۔ ان ملازمین کی تنخواہیں دیگر لوگوں سے کئی گناہ زیادہ ہوتی ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ویجیلینس ڈیپارٹمنٹ کو ریلوے سے ختم کر دیا گیا ہے۔ گرین لائن کی کیٹرنگ سروس بحال کر دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ فریٹ ٹرینوں کے دو نئے روٹ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، پندرہ فریٹ ٹرینیں ہو گئی تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔

سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں ان سے الجھنا نہیں چاہتا، انہوں نے پچاس پچاس کروڑ کے انجن لاکھڑے کیے ہیں اور ایک دھیلے کا کام بھی نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی کو ٹرانسفر کیا ہے، نہ کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دورہ چین کامیاب ترین دورہ رہا۔ چین کی پاکستان سے دوستی ہمالیہ سے بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا چین میں امیج پہلے سے زیادہ اچھا ہوا ہے۔

وزیر ریلوے نے سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال میں کرپٹ خاندانوں کی سیاست ختم ہو رہی ہے نئے چہرے طلوع ہوں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ جس دن فالودے والوں کا حساب کتاب ہوا تو ان کا فالودہ  نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خدا کو گواہ بنا کے کہتا ہوں شہباز شریف نواز شریف سے بڑا چور ہے، چین کے دورے کے بعد شہباز شریف دل سے اتر گیا۔

وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ شریف برادران کی نالائق اولادوں نے ان کی سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں