پاکستان کی لیجنڈری اداکارہ روحی بانو لاپتہ ہو گئیں


لاہور: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی بہترین اداکارہ روحی بانو لاپتہ ہو گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق روحی بانو فاؤنٹین ہاؤس سے غائب ہیں اور لاہور میں واقع اپنے گھر میں بھی موجود نہیں۔

اداکارہ دماغی مرض کا شکار تھیں اورعلاج کی غرض سے لاہور میں واقع فاؤنٹین ہاؤس میں رہائش پذیر تھیں۔

فاؤنٹین ہاؤس کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی بہن روبینہ ایک سال قبل ان کو اپنے ساتھ واپس گھر لے گئی تھیں اور اسکے بعد سے اب تک اداکارہ واپس فاؤنٹین ہاؤس نہیں آئیں۔

ذرائع کے مطابق روحی بانو کی بہن اداکارہ کے گلبرگ کے خستہ حال گھر میں رہائش پذیر ہیں تاہم معلومات لینے پر روبینہ اور باقی گھر والے روحی بانو کے پتے سے بے خبر دکھائی دیتے ہیں۔

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری پر 70 اور 80 کی دہائی میں راج کرنے والی اداکارہ روحی بانو نے نفسیات کے علوم میں ماسٹر ڈگری حاصل کر رکھی تھی مگر اداکارہ کی خود کی زندگی ایک سانحہ کی مانند گزر رہی ہے۔ دو ناکام شادیاں اور جوان بیٹے کے قتل نے انہیں دماغی مرض میں مبتلا کر دیا تھا۔

پاکستان کی لیجنڈری اداکارہ روحی بانو کو ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نواز رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں