خان ریسرچ لیبارٹری (کے آر ایل) کے ریٹائرڈ سائنسدان ڈاکٹر یوسف خلجی کے پنشن اکاؤنٹ پر ہیکرزنے حملہ کرکے 30 لاکھ روپے چرا لیے۔
زندگی بھر کی جمع پونجی لُٹ جانے پر ریٹائرڈ سائنسدان نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، ڈاکٹر یوسف خلجی نے اپنی لوٹی ہوئی رقم کی واپسی کے لیے عدالتِ عظمیٰ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایک ہیکر نے ان کے اکاؤنٹ سے 30 لاکھ روپے چرالیے ہیں، رقم کی واپسی کے لیے بینک حکام کو درخواست بھی دی لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف خلجی نے بتایا کہ لوٹی جانے والی رقم ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی تھی، پہلا موقع ہے کہ مجھے مفلس کر کے سڑک پر کھڑا کر دیا گیا ہے، چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کے لیے آیا تھا، ہیکر نے 30 لاکھ روپے سترہ گھنٹے میں ضائع کر دیے ہیں۔
انہوں نے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ ان کی حق حلال کی رقم انہیں واپس دلائی جائے۔