ملک بھر میں بارشوں سے سردی کی شدت میں اضافہ

ملک کے بیشتر حصوں میں آج بارش کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے سبب سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز بھی فیصل آباد، سرگودھا  ڈویژن اور بالائی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں ہفتے کی صبح موسلادھار بارش ہوئی جس کے سبب فضا میں خنکی بڑھ گئی۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 13 ڈگری سنیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور آسمان پر ہلکے بادل چھائے رہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز پنجاب کے بیشترعلاقوں میں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے تاہم جنوبی پنجاب سمیت متعدد اضلاع میں مطلع صاف رہے گا۔

راولپنڈی، بھکر اور بہاولپور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالترتیب16، 18 اور 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔

خیبر پختونخوا کے چند اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے تاہم کرک اور ہنگو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں مجوعی طور پر مطلع صاف رہے گا۔ ہفتے کے روز بلوچستان کا گرم ترین مقام واشک رہے گا جہاں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کا موسم آئندہ دو روز تک خشک رہے گا اور سخت دھوپ پڑنے کا امکان ہے۔کراچی میں ہفتے کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26  سکھر18 اور حیدر آباد کا 19 سینٹی ڈگری گریڈ رہنےکا امکان ہے۔

گزشتہ روز بھی ملک کے متعدد علاقوں میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کوٹلی میں 34 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ کالام میں منفی 04  ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں