راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آسیہ مسیح کا کیس10برس سے عدالتوں میں چل رہا ہے، کیس کا فیصلہ قانونی معاملہ ہے پاک فوج کو ہر معاملے میں گھسیٹنا افسوس ناک ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ تمام مسلمانوں کا حضور ﷺ سے محبت کا رشتہ ہے، اسلام ہمیں امن، درگزراور پیار کا درس دیتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اسلامی تعلیمات اور قرآن کو نہیں چھوڑنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دہشت گردی کےخاتمے میں مصروف ہیں، بہترہوگا آسیہ مسیح کے قانون عمل مکمل ہونے دیاجائے، ہم چاہتے ہیں کہ صورت حال پرامن طریقے سے حل ہوجائے۔
پاک فوج کے خلاف بیان بازی کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف بیانات سے گریز کیا جائے، ہم دہشت گردی کےخلا ف جنگ جیتنے کےقریب ہیں۔
آسیہ بی بی کیس
چند روز قبل سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے توہین رسالت کیس میں آسیہ مسیح کو بری کرنے کے فیصلے خلاف مذہبی جماعتوں نے احتجاج کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں فیض آباد پل سمیت شہر کے دیگر اہم علاقے بلاک کردیے تھے تاہم ابھی تک صورتحال پوری طرح سے قابو میں نہیں ہے۔
تاہم وفاقی وزیر اطلاعات نے امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے، آئین اور قانون کی مکمل عملداری ہی عوام کا مفاد ہے اور ہم یہ فرض پورا کریں گے۔
ملک میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے، ریاست کے صبر کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے، آئین اور قانون کی مکمل عملداری ہی عوام کا مفاد ہے اور ہم یہ فرض پورا کریں گے، وزیر اعظم کو صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جا رہا ہے ، چین کے اہم دورے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام ہو گی
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 1, 2018
حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے دی گئی شٹرڈاؤن ہڑتال کے بعد ملک کے بیشر شہروں میں شہریوں کو ٹریفک مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے اپنے بیان میں ملک کے بڑے شہروں میں موبائل فون سروس صبح آٹھ بجے سے مغرب تک بند رکھنے کا اعلان بھی کیا۔ اس سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ نظرثانی ایک آئینی راستہ ہے جو متاثرہ فریق کا حق ہے، تاہم توڑ پھوڑ، ھنگامہ آرائ اور دھمکیاں ناقابل قبول ہیں اور وزیر اعظم کے اعلان کے مطابق ایسے عناصر سے سختی سے نبٹا جائیگا۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اداروں کی استطاعت اور صلاحیت کے بارے میں غلط فہمی دور کر لیں ورنہ پچھتائیں گے۔
آسیہ بی بی کیس پر نظر ثانی درخواست
دوسری جانب آسیہ بی بی کیس کے فیصلے پر نظر ثانی اپیل سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ میں اظہر صدیق کی وساطت سے قاری محمد سلام کی جانب سے نظر ثانی درخواست دائر کی گئی جس میں آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔