اسلام آباد: پنجاب سے 2 اور بلوچستان سے پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہونے کے بعد ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 72 ہو گئی۔
پنجاب کے علاقے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ای ڈی او) کے مطابق 7 ماہ کی بچی میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت نے بچی کے چند روز قبل ٹیسٹ کرکے لیبارٹری بھجوائے تھے۔ پنجاب میں پولیو کیسز کی تعداد
متاثرہ بچی کے والدین کا کہنا ہے کہ بچی کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ساتھ حفاظتی ٹیکے بھی لگوائے گئے تھے۔
محکمہ صحت کے مطابق صادق آباد میں 21 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے متاثرہ بچی 3 ماہ قبل کراچی سے صادق آباد آئی تھی۔
دوسری جانب بلوچستان میں بھی پولیو کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 19 تک پہنچ گئی۔ بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں متاثر ہونے والے بچے کی عمر ایک سال ہے۔
پاکستان میں رواں سال اب تک رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 72 تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ سال 147 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
ملک بھر میں انسداد پولیو مہم ایک بار پھر چلائی جا رہی ہے جو 21 ستمبر سے 25 ستمبر تک ملک بھر میں جاری رہے گی۔ قومی انسداد پولیو مہم آزادکشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں چلائی جائے گی۔ قومی انسداد پولیو مہم میں 3 کروڑ 96 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن ہو گی۔ قومی انسداد پولیو مہم میں 2 لاکھ 70 ہزار ورکرز حصہ لیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک ماہ قبل میں لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی تھی۔
ہم نیوز کے مطابق انسداد پولیو پروگرام پنجاب کی انچارج سندس ارشاد نے بتایا تھا کہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس ٹائپ ون کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہر ماہ 11 تاریخ کو پولیو وائرس کے لیے ماحولیاتی سیمپلز لیئے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث انسداد پولیو مہم کافی عرصہ تک رکی رہیں جس کے باعث پولیو وائرس کے کیسز میں بھی اضافہ ہوا ہے۔