سینیٹ الیکشن، حکومت اور ق لیگ کے معاملات طے

سینیٹ الیکشن،حکومت اور قاف لیگ کے معاملات طے

فوٹو: فائل


لاہور: سینیٹ انتخابات کے معاملے پر حکومت اور مسلم لیگ ق میں معاملات طے پا گئے ہیں۔ 

مسلم لیگ ن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب سے سینیٹ کی ایک نشست قاف لیگ کو دے دی۔ تحریک انصاف کے اراکین قاف لیگ کے سینیٹ امیدوار کی حمایت کریں گے۔

حکومت پہلے ہی قاف لیگ کو سینیٹ نشست کے حوالے سے جائز حق دینے کی تصدیق کر چکی ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا اس بابت کہنا ہے کہ قاف لیگ اتحادی جماعت ہے، ان کا جائز حق دیا جائے گا۔

قاف لیگ کا سینیٹر کون ہو گا، قرعہ کامل علی آغا یا چوہدری وجاہت حسین کے نام نکلے گا۔

سینیٹ کی 52 میں سے پنجاب کی 11 نشستوں پر انتخاب ہو گا، پنجاب سے سینیٹ کی 1 نشست کیلئے 42 اراکین کے ووٹ درکار ہیں۔ 371 کے ایوان میں ق لیگ کی 10 نشستیں ہیں۔

پنجاب میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر مارچ میں الیکشن ہوں گے۔

ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے اندرون خانہ سینیٹ کے امیدواروں کی فہرست کی تیار کی جا رہی ہے، ن لیگ نے سینیٹ کے لیے تاحال 3 نام فائنل کیے ہیں۔

سینیٹ کے لیے محمد زبیر، پرویز رشید اور خواجہ احمد حسان کے نام فائنل کیے گئے ہیں۔ تینوں کے نام پارٹی قائد نواز شریف نے فائنل کیے  ہیں۔ مشاہد اللہ، شاہ محمد، چودھری جعفر اقبال بھی دوڑ میں شامل ہیں۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق سابق گورنر پنجاب رفیق رجوانہ بھی سینیٹ سیٹ کے خواہشمند ہیں، سردار مہتاب عباسی پنجاب سے سینیٹر بننے کے خواہاں ہیں جب کہ اسلام آباد کی نشست سے عباس آفریدی نے بھی سینیٹر بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

لیگی رہنماؤں نے سینیٹ الیکشن کے ٹکٹ کے لیے پارٹی میں لابنگ شروع کر دی ہے، ن لیگی پارلیمانی بورڈ فروری کے دوسرے ہفتے میں حتمی ناموں کا اعلان کرے گا۔


متعلقہ خبریں