کشمیر: بھارتی مظالم پر عالمی برادری خاموش کیوں؟ شیریں مزاری


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے استفسار کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم پر عالمی برادری خاموش کیوں ہے؟ انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین پر ڈھائے جانے والے مظالم کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے آسیہ اندرابی کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ دختران ملت تنظیم  کشمیر کی بانی آسیہ اندرابی کے بیٹے احمد قاسم بھی موجود تھے۔ 60 سالہ آسیہ اندرابی گزشتہ کئی سالوں سے بھارتی قید میں ہیں۔

پاکستان نے ایک دن قبل ہی اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیری رہنما آسیہ اندرابی کی فوری رہائی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید آسیہ اندرابی کو فوری رہا کیا جائے۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی اس وقت بھارت کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت سیدعلی گیلانی اور شبیرشاہ سمیت دیگر کئی کشمیری رہنما گزشتہ کئی ماہ سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

شیریں مزاری نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ میں آسیہ اندرابی کیس کا فیصلہ آنے والاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ 14 یا 18 جنوری کو آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دوسرے شہروں سے ہندووَں کو کشمیرمیں آباد کررہا ہے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: سال نو کا پہلا دن، بیگناہوں کی شہادت کیخلاف بھرپور ہڑتال

ممتاز حریت رہنما آسیہ اندرابی کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ اس وقت ان کی صحت خراب ہے اوران کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی ظلم و ستم پر آواز اٹھانی چاہیے۔

بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بدترین انسانیت سوز مظالم سہنے والی آسیہ اندرابی کے صاحبزادے احمد قاسم نے کہا کہ میری والدہ سمیت کئی حریت رہنما اس وقت جیلوں میں قید ہیں اور بھارت کشمیر میں بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔

احمد قاسم نے کہا کہ مجھے مہینے میں ایک مرتبہ اپنی ماں سے بات کرنے کی اجازت دی جاتی ہے اور وہ بھی اس طرح کہ پولیس والے کھڑے ہوتے ہیں اورپوچھتے ہیں کہ ماں سے کیا بات کرنی ہے؟

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ میرے والدین بھارتی قید میں ہیں اورنہیں جانتا ہوں کہ وہ کس حال میں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ دختران ملت تنظیم کشمیری خواتین کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری 60 سالہ ماں کو 2016 میں قید کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی دہشت گردی،مزید تین نوجوانوں کو شہید کردیا

آسیہ اندرابی کے صاحبزادے احمد قاسم نے کہا کہ بھارت کشمیر میں بدترین مظالم ڈھا رہا ہے اور میری والدہ سمیت کئی حریت رہنما اس وقت جیلوں میں قید ہیں۔


متعلقہ خبریں