اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اجلاس بلانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ سنگین صورتحال کا اعتراف ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
عمران خان نے اعادہ کیا کہ پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اورسیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے لکھا کہ یواین سیکیورٹی کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال دوبارہ زیربحث آئی اور عالمی سطح پرتسلیم شدہ تنازعہ سیکیورٹی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔
J&K dispute must be resolved in accordance with relevant UN Security Council resolutions & the will of the Kashmiri people. We will continue to provide moral, political and diplomatic support to the Kashmiri people until they secure their inalienable right to self-determination.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 16, 2020
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کے کونسل نے حال ہی میں دوسرا اجلاس چین کے درخواست پر طلب کیا تھا۔
کونسل کے تمام15 اراکین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبروبربریت کے سبب کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق متعدد ممالک نے مذاکرات پر زور دیا جس کیلئے پاکستان تیار ہے لیکن بھارت روایتی ہٹ دھرمی کے سبب میز پر آنے کیلئے آمادہ نہیں۔