کوئٹہ، باچا خان چوک کے قریب دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 14 زخمی


کوئٹہ: کوئٹہ کے باچاخان چوک کے قریب دھماکے سے 2 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق باچا خان چوک کے قریب میکانکی روڈ پر دھماکہ ہوا جس کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے۔ دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ایدھی ذرائع کے مطابق بم موٹرسائیکل میں ںصب تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے استعمال کیا گیا۔

پولیس کے مطابق دھماکہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہوا۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بزدل دہشت گرد ایک مرتبہ پھر صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں تاہم دیرپا امن کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور دہشت گرد عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

یہ بھی پڑھیں پاک فضائیہ کا طیارہ میانوالی کے قریب تباہ، دو پائلٹ شہید

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر صوبے کے امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں۔

گزشتہ سال جولائی میں بھی کوئٹہ کے لیاقت بازار میں دھماکہ ہوا تھا جس میں چار افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں