چار کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ رواں برس چار کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں انسداد پولیو کی قومی مہم کا آغاز کرتے ہوئے وزیراعظم  نے بچوں کوپولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔

اس موقع پر انہوں  نے کہا کہ انسداد پولیو کی قومی مہم میں 2 لاکھ 60 ہزار ورکرز حصہ لے رہے ہیں، ہم سب نے مل کر ملک سے پولیو کا خاتمہ کرنا ہے۔

عمران خان نے والدین کو تلقین کی کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں کیونکہ یہ ان کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے کئی شہروں سے آج  بھی پولیو کے کیسز سامنے آ رہے ہیں، پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو عالمی سطح پر ہمارے لیے مسائل پیدا ہوں گے۔

خیال رہے کہ پولیو کے عالمی ادارے نے پاکستان کے پولیو پروگرام کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ دنوں ایک رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق رواں سال دنیا کے 80 فیصد پولیو کیسز پاکستان سے رپورٹ ہوئے۔

آئی ایم بی نے پاکستان سے متعلق اپنی رپورٹ میں پولیو پروگرام کی کاردکرگی کا پول کھول دیا جس کے مطابق رپورٹ ہونے والے 90 فیصد کیسز پولیو سے متاثرہ علاقوں کے علاوہ ہیں، کراچی اور خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس کی موجودگی کو دنیا میں مرض کے خاتمے میں بڑی رکاوٹ قرار دے دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں