پی آئی ڈی میں آتشزدگی کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم



اسلام آباد: پی آئی ڈی اسلام آباد میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سرکاری پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آتشزدگی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور ریکارڈ بھی محفوظ ہے۔

پی آئی ڈی اسلام آباد میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کے جوان بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

ہم نیوز کے مطابق آگ عمارت کی بالائی منزل میں لگی تھی جہاں تمام تر ریکارڈ موجود تھا تاہم فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

آگ لگنے کے فوری بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کا کام شروع کر دیا تھا۔

عمارت میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت عمارت سے باہر نکالا گیا۔ آگ لگنے کے باعث عمارت کے دیگر حصوں میں دھواں بھر گیا تھا جس کی وجہ سے عمارت میں پھنسے لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات پیش آ رہی تھیں جب کہ ریسکیو حکام کو بھی مشکلات کا سامنا تھا۔


متعلقہ خبریں