کڑی تنقید کے بعد پی ٹی آئی رہنما کی شہری سے معافی


کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ نے شہری کو پیٹنے پر کڑی تنقید اور پارٹی کی جانب سے شوکاز بھیجے جانے کے بعد منگل کی رات زدوکوب کیے گئے شہری داؤد سے معافی مانگ لی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی، کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی کے ساتھ شہری داؤد کے گھر پہینچے اور ان سے اپنے عمل کی معافی مانگی، شہری نے بھی بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمران علی شاہ کو معاف کردیا۔

سوشل میڈیا پر عمران علی شاہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں کراچی کی اہم شاہراہ پر ایک شہری کو پیٹتے دیکھا جا سکتا ہے، نو منتخب رکن کے ساتھ ان کی سیکیورٹی پر مامور گارڈز نے بھی اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالا اور شہری داؤود کی خوب درگت بنائی۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بننا پڑا۔ سوشل میڈیا صارفین نے عمران علی شاہ کی حرکت کو اسٹیٹس کو اور پروٹوکول کی مخالفت کرنے والی پی ٹی آئی کے دہرے معیار سے تعبیر کیا۔

معاملہ پر احتجاج بڑھا تو تحریک انصاف قیادت نے واقعہ کو افسوس ناک قرار دے دیا اور ساتھ ہی عمران علی شاہ کوشوکاز نوٹس جاری کردیا۔ جس کے ردعمل میں نو منتخب رکن سندھ اسمبلی، شہری داؤد کے گھران سے معافی مانگنے پہنچ گئے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ندامت کا اظہار کیا اور واضح کیا کے ذمہ دار شہری اور منتخب رکن سندھ اسمبلی ہونے کے ناطے ان پر شہریوں کی حفاظت کا ذمہ ذیادہ ہےاس کے ساتھ ہی انھوں نے اس بات کو بھی واضح کیا کے ویڈیو میں دکھائی گئی حقیقت ادھوری ہے لہذا میں کسی بھی شہری کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر اپنی آنکھیں بند کر کے نہیں بیٹھ سکتا۔


متعلقہ خبریں