رضا کاروں کا عالمی دن، الخدمت فاؤنڈیشن نے 16 ہزار پودے لگائے


راولپنڈی: رضاکاروں کے عالمی دن کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے 16 ہزار پودے لگائے گئے۔

قائم مقام سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے 16 ہزار پودے لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان بھر میں اب تک 3 لاکھ پودے لگا چکے ہیں اور عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پودوں کا انتہائی اہم کردار ہے ان سے بڑھتی ہوئی آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے آج کے پروگرام کو رضاکاروں کے عالمی دن سے منسوب کیا گیا ہے۔

انہوں نے رضاکاروں کو ان کے عالمی دن پر مبارکباد پیش کی اور ان کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ رضاکار ہماری طاقت اور سرمایہ ہیں۔ انھوں نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا اور خدمت میں پیش پیش رہے ہیں۔

ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ یہ اس سال کی ہماری آخری پلانٹیشن ڈرائیو ہے نئے سال میں ہم بڑے جذبے کے ساتھ مزید پودے لگائیں گے۔ بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں