افسوس ہے مسلمانوں پر ظلم ہو تو عالمی برادری خاموش رہتی ہے، عمران خان



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام پاکستانی کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، آج دنیا کویہ پیغام جائے گا کہ کشمیریوں کی آزادی تک پاکستانی قوم ان کے ساتھ رہے گی۔

وزیراعظم سیکرٹیریٹ کے باہر مقبوضہ کشمیر کے باسیوں سے اظہار یکجہتی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لیے ایک اور مہم “کشمیر سے کرفیو اٹھا” شروع کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں،مقبوضہ وادی میں 4 ہفتے سے کرفیو ہے، یہ کیسی حکومت ہے جو انسانوں پر اتنا ظلم کررہی ہے۔

بھارتی وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کے مظالم سمجھنے کےلیے آرایس ایس کا نظریہ سمجھنا ہوگا، جو مسلمانوں سے نفرت کی وجہ سے بنی،یہ تنظیم  ہٹلر کی نازی پارٹی سے متاثر ہو کر بنائی گئی اور ان کا نظریہ آج بھارت پر قبضہ کربیٹھا ہے، یہ سمجھتے ہیں مسلمانوں کو سبق سکھانا چاہیے وہ ہمارے برابر نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھ رہی ہے مقبوضہ کشمیر میں کیا ہورہا ہے، کشمیری مسلمان نہ ہوتے توآج پوری دنیا کشمیر کےساتھ ہوتی، افسوس ہے جب بھی مسلمانوں پر ظلم ہوتو عالمی برادری خاموش رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی اپنا آخری پتا کھیل چکا ہے، اس کے بعد اب کشمیر آزاد ہو گا اور اس کے لئے ہر طرح سے تیار ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر کی قیادت کو کشمیری مظالم سےآگاہ کیا ہے، عالمی رہنماوَں کو بتایا بھارتی مظالم کے خلاف نہ کھڑے ہوئے تو اثر پوری دنیا پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو آگاہ کررہے ہیں کہ بھارت آزاد کشمیر میں کچھ نہ کچھ کرے گا، جب دوایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہوں گی توپوری دنیا کواس کا نقصان ہوگا۔

ہم کشمیریوں کے حقوق سلب نہیں ہونے دیں گے، عارف علوی 

اس دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ  ہم کشمیریوں کے حقوق سلب  نہیں ہونے دیں گے ، ہم متحد ہوں گے تو ہی کشمیر آزاد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کیا کررہا ہے سب دیکھ رہے ہیں، مسلم دنیا سے اپیل کرتا ہوں کہ یہ معاملہ مسلمانوں کا ہے اس پر آواز اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور حکومت ہر طرح سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارتی پروپیگنڈے کو پوری دنیا میں اجاگر کرتے رہیں گے۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر ملک بھر کی عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج گھروں سے نکلی ہے۔

دن بارہ بجے سے ساڑھے 12 بجے تک  ٹریفک روک دی گئی جبکہ اشاروں اور شاہراہوں پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کیا گیا۔

ٹھیک 12 بجے سائرن بجائے گئے اور قومی ترانہ پڑھا  گیا جس کے بعد کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی اجتماع ڈی چوک میں ہوا، وہاں پر سرکاری دفاتر کے عملے نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا ثبوت پیش کیا۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد، کراچی سمیت ملک بھر کے ایئرپورٹ مینجرز کو اس ضمن میں ہدایات جاری کی گئیں، ملکی ایئرپورٹس سے اس دوران پروازیں اڑان نہیں بھریں گی۔ آج دن 12سے ساڑھے 12 بجے کے دوران ملک بھر میں فضائی آپریشن معطل رہے گا۔

یاد رہے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ہمیں کشمیریوں کو بھرپور  پیغام دینا چاہیے کہ ہم ہرصورت ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی کل آدھے گھنٹے کے لیے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں سے درخواست ہے کہ کل دن 12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک باہر نکلیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 24 روز سے جاری کرفیو کےخلاف پاکستانی اپنے جذبات کا اظہار کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی قابض فوج روزانہ کشمیری عورتوں اور بچوں پر ظلم ڈھارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے ایجنڈے کے مطابق کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کی آبادی کے تناسب کی تبدیلی جنیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم ہیں۔

 


متعلقہ خبریں