لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے جیل جانے کی تیاری کر لی ہے۔ وہ خود کہتے ہیں کہ جیل میرا سسرال ہے۔
شیخ رشید احمد نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ پر میرے تحفظات ہیں اور میں اس معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا سوچ رہا ہوں۔
شیخ رشید نے سال 2019 کو دنیائے سیاست کا اہم ترین سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چور اکھٹے ہو رہے ہوں تو چوکیدار کی ضرورت تو ہوتی ہی ہے۔ شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں جب کہ واجد ضیا کو 20 کروڑ عوام شاباشی دے رہے ہیں۔
مزید نئی ٹرینوں سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ 23 مارچ سے پہلے دو وی وی آئی پی ٹرینیں چلا رہے ہیں اور 20 مال گاڑیاں بھی چلانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ایم ایل ون آخری مرحلے میں ہے۔ ریلوے خسارہ مسافر ٹرینوں سے نہیں مال گاڑیاں چلانے سے کم ہو گا جب کہ سات رکنی کمیٹی کو سرمایہ کاری کا اختیار دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رحمان بابا ایکسپریس بہت کامیاب ہوئی ہے، اس کے بعد اب دو نئی ائرکنڈیشنڈ (اے سی) اور دو اکانومی ٹرینیں چلائیں گے جب کہ کراچی سے پشاور تک نیا ٹریک بھی بچھایا جائے گا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے اراضی تین سال کے لیے لیز پر دینے کی اجازت ملی ہے، ریلوے کی زمین فروخت نہیں کی جاسکتی جب کہ ریلوے کی لاکھوں ایکڑ زمین پر لوگوں نے قبضہ کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو پانچ ریاستوں سے شکت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ سال 2019 میں سرجیکل اسٹرائیک کرسکتا ہے۔