ملک کے بیشتر علاقے دھند کی لپیٹ میں، جڑواں شہروں میں بارش کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ دو روز میں جڑواں شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 85 فی صد ہے۔ جبکہ اسموگ کے باعث حد نگاہ دو کلومیٹر رہ گئی ہے۔

شہر قائد میں اگلے چوبیس گھنٹوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم بروز منگل کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں کے باسیوں کے لیے بھی خوشخبری سنائی ہے  جس کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آئندہ چند روز میں ملک کے بیشتر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے ساتھ سردی کی شدت میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ان شہروں میں کوئٹہ، ژوب، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ شامل ہیں۔

ملک کے بالائی علاقہ جات مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

جبکہ صوبہ پنجاب کے شہروں گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال ڈویژن میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں