پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی، منیر ضیا کی درخواست ضمانت پر سماعت ہو گی


لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر منیر ضیا کی درخواست ضمانت پر سماعت آج ہو رہی ہے۔

منیر ضیا کی درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کرے گا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج جواب طلب کر رکھا ہے۔

ضمانت کے لیے دائر درخواست میں چیئرمین اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) قومی احتساب بیورو (نیب) اور انوسٹی گیشن آفیسر کو فریق بنایاگیاہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈی جی نیب نے غیرقانونی طور پر وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں اور نیب کی جانب سے لگائے گئے کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں جب کہ میں کسی بھی قسم کی کرپشن میں ملوث نہیں ہوں۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ درخواست ضمانت کے لیے اس سے قبل بھی عدالت سے رجوع کر چکا ہوں۔ نیب نے میرے حقیقی بھائی ندیم ضیا کے خلاف مختلف تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا بھائی ندیم ضیا پیراگون سٹی کا چیف ایگزیکٹو ہے اس لیے مجھے نیب کی جانب سے حراساں کیا جا رہا ہے جب کہ میں نیب کے ساتھ تحقیقات کے لیے مکمل تعاون کے لیے تیار ہوں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت قبل از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرے اور عدالتی فیصلے تک گرفتاری نہ کرنے کا حکم جاری کرے۔

پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کے خلاف بھی تحقیقات چل رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں