نیب افسران کو سرکاری پاسپورٹ جاری کرنے پر پی پی پی کے تحفظات

مہنگائی کے خلاف احتجاج کو بڑھائیں گے، عوام سڑکوں پر آئیں گے: نیر بخاری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے افسران کو سرکاری پاسپورٹ کے اجراء سے متعلق فیصلے پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نیئر بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نیب افسران کو سرکاری پاسپورٹ کا اجراء حکومتی رشوت کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا آزادانہ کردار پہلے ہی مشکوک ہے اور اب نیب کے افسران پر خصوصی نظرکرم شکوک و شبہات کو درست ثابت کر رہی ہے۔

نیئر بخاری کے مطابق حکومتی ذمہ داران کے خلاف زیر سماعت مقدمات الماریوں میں بند ہیں، وزیراعظم عمران خان تو نیب کے چیئرمین کو دھمکیاں دیتے رہے ہیں اور اب اچانک اتنے مہربان ہو رہے ہیں۔

نیئر بخاری نے پیپلز پارٹی کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ بھی کر دیا اور کہا کہ حکومت اپنی شاہ خرچیوں کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت دو بلب جلانے والے گھر کا بجلی بل دیکھنے کی زحمت کرے تو انہیں احساس ہو کہ ان کا ہر فیصلہ شہریوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر رہا ہے۔

وفاقی کابینہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے وزیر اعظم کی ٹیم “نابیناؤں” پر مشتمل ہے۔


متعلقہ خبریں