فلیگ شپ ریفرنس، خواجہ حارث کی واجد ضیا پر جرح جاری

واجد ضیا کے بیان میں مبینہ تبدیلی عدالت میں چیلنج

اسلام آباد: مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت جاری ہے جس کے دوران سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث آج بھی واجد ضیا پر جرح کر رہے ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آج بھی نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی سماعت جاری ہے جس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کر رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم کیس کی سماعت کے لیے صبح احتساب عدالت پہنچے۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث آج چوتھے روز بھی پانامہ کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیا پر جرح کر رہے ہیں۔

واجد ضیا نے مؤقف اختیار کیا کہ حسن نواز سے فنانشل اسٹیٹمنٹ کے بارے میں پوچھا گیا تھا اور انہوں نے کہا کہ فنانشل اسٹیٹمنٹ ان کے اکاؤنٹنٹ نے تیار کی ہیں لیکن انہوں نے خود پوری طرح سے نہیں پڑھی۔

واجد ضیا نے کہا کہ کوئنٹ پنڈگٹن کی فنانشل اسٹیٹمنٹ کس نے تیار کی یہ حسن نواز سے نہیں پوچھا گیا اور نہ ہی یہ پوچھا گیا کہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ کی فنانشل اسٹیٹمنٹ تیار کرنے والا اکاؤنٹنٹ کون تھا جب کہ حسن نواز کے کسی اکاؤنٹنٹ کو شامل تفتیش نہیں کیا گیا۔

واجد ضیا کے مطابق حسن نواز نے کہا کہ کیپیٹل ایف زیڈ ای کے لیے رقم کا انتظام بھی انہوں نے ہی کیا تھا اور یہی رقم بعد میں کوئنٹ پنڈگٹن کو دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں