اتنی کمزور اپوزیشن نہیں مل سکتی، فیصل واوڈا


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ان کے نزدیک اپوزیشن اس قدر کمزور ہے کہ اس سے زیادہ کمزوراپوزیشن نہیں مل سکتی تھی۔

ہم نیوزکے پروگرام ندیم ملک لائیو میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس نے جرم کیا  اسے قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچا سکتا۔

مولانا فضل الرحمان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان جیسے لوگوں کی ملک میں کوئی جگہ نہیں  کیونکہ ان کی جگہ جیل میں ہے۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت صرف اللہ کی ذات گرا سکتی ہے. ہم ملک کے لیے اچھے کام کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم پر تنقید کی جا رہی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔

شیخ وقاص نے کہا ہے کہ ہم ملک میں بہت عرصے سے کرپشن ہوتے دیکھ  رہے ہیں۔ ہر اسمبلی میں کرپشن کرنے والے 15 سے 20 افراد ہوتے ہیں، اگران کو پکڑ لیا جائے تو چیزیں بہتر ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کرنے کا حق عمران خان کا نہیں بلکہ احتساب کے اداروں کا ہے۔ انہیں ایک اچھی ٹیم بنانے کی ضرورت ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ اس وقت ایسا ماحول نہیں جیسا پانامہ کے وقت تھا۔ حکومت کے پاس پہلے ہر چیز کا حل تھا، اب تمام حل کہاں گئے؟ احتساب کرنا حکومت کا نہیں اداروں کا کام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مدت پوری کرنے سے کوئی نہیں روک رہا کیونکہ اپنی مدت پوری کرنے کا حق ہر حکومت رکھتی ہے، اسی طرح اپوزیشن اپنا پورا حق استعمال کرے گی۔

شہلا رضا نے کہا کہ کیا پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اکھٹے ہونے سے دونوں جماعتوں پر مقدمات دائرہونا بند ہو جائیں گے؟ پی پی پی اور ن لیگ نے صرف حکومت کے غلط اقدامات کے خلاف اتحاد کیا ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے بتایا کہ وہ ہمیشہ سیاسی جماعتوں کے پاس جاتے ہیں، کبھی ڈکٹیٹر کے پاس نہیں گئے اور نہ ہی جائیں گے۔

ماہرقانون عرفان قادرنے کہا کہ کرپشن کے نام  پرحکومتوں کو بے دخل کیا گیا ہے اور یہ بھی کوئی نئی بات نہیں، ہر نئی حکومت گزشتہ حکومت پر کرپشن کے الزامات لگاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کی نااہلی بالکل غلط ہے کیونکہ ان کا کیس بہت معمولی نوعیت کا تھا جیسے مشکل بنا دیا گیا۔


متعلقہ خبریں