پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر آر ایم ایس برطانیہ کے صدر منتخب


لندن: پاکستانی ڈاکٹر شاہد قریشی کو برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ایجوکیشن میں خدمات کے اعتراف میں رائل سوسائٹی آف میڈیسن (آر ایس ایم) کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر شاہد قریشی اس عہدے پر فائز ہونے والے پہلے پاکستانی ڈاکٹر ہیں۔ وہ اپنا عہدہ اگلے دو ہفتوں میں لندن میں سنبھال لیں گے۔ آر ایس ایم برطانیہ کے سینیئر ڈاکٹروں کا انتہائی معتبر ادارہ ہے جو برطانیہ کے سب سے زیادہ پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کو تعلیم فراہم کرتا ہے۔

پاکستان کے ایک نجی ٹیلی وژن سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ 500 برطانوی ڈاکٹروں کی جانب سے بلا مقابلہ منتخب کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہونے کے ناطے یہ پاکستان کے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے اور ساتھ ہی ساتھ پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کی برطانیہ کے لیے خدمات کا نمونہ بھی ہے۔

ڈاکٹر قریشی ای این ٹی سرجن ہیں۔ انہوں نے ڈاؤ میڈیکل کالج کراچی سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی ہے اور  31 سال سے برطانوی ادارے این ایچ ایس میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ تقریباً سڈنی، برلن، لندن، جدہ، کیپ ٹاؤن اور ہانگ کانگ سمیت پوری دنیا میں تدریس کے عمل سے منسلک ہیں۔

2017 میں انہیں ملکہ برطانیہ کی جانب سے’’آفیسر آف دی برٹش ایمپائر‘‘ کا خطاب بھی دیا گیا جو ان کی این ایچ ایس میں خدمات کے اعتراف کی وجہ سے تھا۔


متعلقہ خبریں