دیوالی پر پٹاخوں کا استعمال، بھارتی عدالت کی مشروط اجازت


نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے دیوالی کے موقع پر ’سیف اینڈ گرین‘ پٹاخوں کی فروخت اور استعمال کی اجازت دے دی ہے۔

بھارت میں ہر برس دیوالی پر چلائے جانے والے پٹاخوں کے باعث دارالحکومت سمیت مختلف شہر دھواں کے باعث آلودگی کا شکار ہوجاتے ہیں اور سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی وجہ بھی بھارت میں بڑھتی آلودگی ہے کیونکہ اس سے قبل دیوالی پر نئی دہلی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں پٹاخوں کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی تھی۔

پٹاخوں پر پابندی کیس کی سماعت کے دوران بینج کے دو ججوں کا کہنا تھا کہ عوام کو کچھ خاص تہواروں پر شرائط کے ساتھ  پٹاخے استعمال کرنے کی اجازت ملنی چاہیے۔

بھارتی میڈیا چینلز کے مطابق عدالت کی جانب سے بھارت میں دیوالی کے تہوار پر صرف دو گھنٹوں کے لیے ’سیف اینڈ گرین پٹاخے‘ استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

بھارتی ماہر ماحولیات نے عدالتی فیصلے پر بھرپورتنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی اس اجازت سے بھارت کے آدھے شہر ایک خطرناک گیس کا گڑھ بن جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پٹاخے کبھی بھی ماحول دوست نہیں ہوسکتے، بھارتی عدالت کے اس فیصلے کے باعث بھارت کے کئی نومولود اور شہری سانس کی بیماری کا شکار ہو کر ہلاک ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز میں عالمی ادارہ صحت کی ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی گئی تھی جس میں شامل دنیا کے 20 آلودہ شہروں میں بھارت کے 14 شہر شامل تھے۔


متعلقہ خبریں