خاشقجی کی موت انتہائی افسوسناک ہے،عادل الجبیر 


ریاض: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کی موت انتہائی افسوسناک ہے اور اس کے پیچھے افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

امریکہ نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان اس واقع سے پہلے تو لاعلم تھے مگر جب انہیں اس کے بارے میں معلوم ہوا تو انہوں نے فوراً معاملے کی تحقیقات کرنے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث افراد میں سے کسی کا بھی سعودی ولی عہد سے قریبی تعلق نہیں اور نہ ہی شاہ سلیمان کا کوئی قریبی ان میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمال خاشقجی کے استنبول میں سعودی قونصل خانے سے باہر نکلنے سے متعلق متضاد رپورٹس منظرعام پر آنے کے بعد ہی تحقیقات شروع کردی گئی تھیں، سعودی عرب ان کی موت سے متعلق ملنے والی تمام معلومات کو منظرعام پر لائے گا۔

سعودی وزیر خارجہ نے مقتول کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ واقعہ ایک سنگین غلطی تھا اور اس کیس میں ملوث ذمے داروں کا احتساب کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکام نعش کی تلاش کے لیے کام کررہے ہیں اور وہ قونصل خانے میں رونما ہونے والے واقعہ کی مکمل تفصیل کے تعین کی بھی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جن 18 افراد پر قتل کا شک ہے ان کو حراست میں لے کر تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اسی سلسلے میں سیکیورٹی کے ڈپٹی چیف سمیت کچھ اور لوگوں کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں