اپوزیشن کے تعاون کے بغیر کام نہیں کیا جاسکتا، عبدالقیوم


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹرعبدالقیوم نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کی یہ پالیسی نہیں کہ حکومت اور اسمبلیوں کو کام نہ کرنے دیا جائے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمرعباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی کام اپوزیشن کے تعاون کے بغیرنہیں کیا جاسکتا اسی لیے حکومت کو حزب اختلاف کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں اکثریت والے حکومت کرتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے کنٹینر پر کھڑے ہوکرعوام کو بہت سے سبز باغ دیکھائے اور اب تعبیر نہیں کر پا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت گزشتہ حکومت کی مثبت اقداماےت پر بھی روشنی ڈالے۔

پروگرام میں موجود تجزیہ کاراویس توحید نے کہا کہ شریف خاندان اس وقت بالکل خاموش ہے، اس کی کوئی بھی وجہ ہوسکتی ہے کیونکہ ان کی سیاست کے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر تجزیہ کیا جائے تو پاکستان تحریک انصاف کے لیے یہ بہت مشکل مرحلہ ہے، ان کو چاہیے کہ انتشار کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں کیونکہ ملکی مسائل پاکستان تحریک انصاف کے پیدا کردہ نہیں، ماضی میں دیکھا جائے تو ہرحکومت کی کہیں نہ کہیں کمزوری نظر آتی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا کہ موجودہ حکومت ابھی تک کنٹینر سے نیچے نہیں اتری اور ابھی تک خود کو اپوزیشن ہی تصور کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں احتجاج ریکارڈ کرانے کے بہت سے طریقے ہیں، چپ کر کے کھڑے ہونا بھی ایک احتجاج ہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر نے کہا کہ آج نئی حکومت کو صرف دو مہینے ہوئے ہیں۔ تحریک انصاف کا ایک منشور ہے، ہمارے پاس منصوبے ہیں لیکن ان پر عمل درآمد کے لیے تھوڑا وقت دینا چاہیے۔


متعلقہ خبریں