اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے دو سینیٹرز کو نا اہل قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق نااہل قرار دیے جانے والے سینیٹرز میں سعدیہ عباسی اور ہارون اختر شامل ہیں۔ دونوں سینیٹرز کے پاس دوہری شہریت تھی جس کی بنا پر ان کو نااہل قرار دیا گیا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ دونوں نشستوں پر دوبارہ الیکشنز کرائے جائیں جبکہسینیٹر نزہت صادق کے شہریت چھوڑنے کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کے دستاویزات کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی، چوہدری سرور کی تصدیقی رپورٹ آنے پر مزید سماعت ہوگی۔ جس کے بعد عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔
دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ دوہری شہریت کے حامل دوسرے ملک کی شہریت چھوڑ کر الیکشن لڑ لیں۔
عدالتی معاون کا کہنا تھا کہ شہریت چھوڑنا مستقل بھی ہوسکتا ہے اور عارضی بھی اسی لیے عدالت کو انحصار شہریت چھوڑنے کے سرٹیفیکیٹ پر کرنا چاہیے۔