خواجہ برادران نیب میں پیش

خواجہ برادران کیخلاف پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت آج ہو گی

فوٹو: فائل


لاہور: قومی احتساب بیورو(نیب) کی تحقیقاتی ٹیم نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں خواجہ برادران سے ایک گھنٹے تک تفتیش کی۔

خواجہ برادران نے منی ٹریل سمیت دیگر ریکارڈ نیب کو جمع کر ا دیے۔ دونوں بھائی اس سے پہلے بھی نیب میں دو بار پیش ہو چکے ہیں۔

خواجہ برادران نے گرفتاری کے ڈر سے لاہور ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت بھی حاصل کر رکھی تھی۔

پیر کے روز خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی جانب سے حفاظتی ضمانت کے لیے دائر کردہ درخواست کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے کی۔

لاہور ہائی کورٹ کے روبرو دائر درخواست میں خواجہ سعد اور سلمان رفیق نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نیب انہیں غیر قانونی طور پر گرفتار کر سکتی ہے، لہٰذا نیب کو ممکنہ گرفتاری سے روکا جائے۔

درخواست میں واضح کیا گیا تھا کہ زیرتفتیش معاملہ پر خواجہ سعد اور سلمان رفیق  نیب کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے پاسپورٹ منسوخ کیے جا چکے ہیں جس کے بعد وہ بیرون ملک سفر نہیں کر سکتے۔ اتوار کو نیوز بریفنگ کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی ہے۔

سعد رفیق اور سلمان رفیق کی جانب سے اس دعویٰ کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں