ضمنی انتخابات کے بعد پی ٹی آئی صفر پر آ گئی، دانیال چوہدری


اسلام آباد: رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) صفر پر آ کر کھڑی ہو گئی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوزلائن میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خلائی مخلوق الیکشن کمیشن تھی، اسٹیبلشمنٹ میں ہر چیز شامل ہوتی ہے، عام انتخابات میں جو کوتاہیاں ہوئیں اس کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے۔

ایک سوال کے جواب میں دانیال چوہدری نے کہا کہ ن لیگ نے اپنے بیانیے کا حال دیکھ لیا، اس لیے اب بہتر ہے کہ چپ ہو کر اپنا رونا گھر میں ہی رویا جائے کیونکہ یہاں پر کوئی ساتھ دینے والا نہیں ہے۔

رہنما ن لیگ نے بتایا کہ پارٹی جیتنے والے متعدد آزاد امیدواروں سے رابطے میں ہے، یہ لوگ عمران خان کے رویے کی وجہ سے پریشان ہیں اورپارٹی چھوڑنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ عوام کوحکومت کا اصلی چہرہ دکھانا چاہیتی ہے۔

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما حیدر زمان قریشی نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں آنے والے نتائج پی ٹی آئی کی کوتاہیوں کے نتیجہ میں آئے، وزیر ریلوے شیخ رشید کی نشست کو پی ٹی آئی کی جیت نہیں سمجھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے بہت اچھا الیکشن لڑا، انہوں نے محنت کی اور اس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہر حکومت کو کارکردگی دکھانے کے لیے تھوڑا وقت دینا چاہیے، تحریک انصاف کی حکومت کو بھی کچھ وقت دینے کی ضرورت ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہونا اور ضمنی الیکشنز دو الگ الگ چیزیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ (ن) لیگ نے بہت عرصہ لاہور شہر پر قیضہ رکھا، لاہور میں ن لیگ کی جڑیں ہیں، چیزیں بدلنے میں وقت لگے گا۔ حکومت اپنی اچھی کارکردگی سے لاہور کی عوام کا اعتماد جیتے گی۔

عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ حکومت کوکارکردگی دکھانے کے لیے تھوڑا وقت دینا چاہیے، تحریک انصاف کے لوگوں کی نیت صاف ہے۔

پاکستان تحریک انصاف  کے رہنما رمیش کمار نے کہا کہ پاکستان کے بہت سے مسائل ہیں، شروع میں حکومت کو زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ جانے والی حکومت جاتے جاتے اپنے مفاد میں فیصلے کر جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر صرف تنقید ہی ہوتی رہے گی تو لوگ بھی تنگ آ جائیں گے۔ نگران حکومت  کے وقت میں ہی آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ کر لینا چاہیے تھا۔


متعلقہ خبریں