امریکہ کو سیکیورٹی کے لیے کوئی ادائیگی نہیں کریں گے، محمد بن سلمان


ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی بیانات کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکہ کو سیکیورٹی کے لیے کوئی ادائیگی نہیں کریں گے۔

ریاض میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ امریکہ سے فوجی سازوسامان مفت میں نہیں لیا گیا، جتنا بھی سامان خریدا گیا اس کی پوری قیمت ادا کی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق محمد بن سلمان نے امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین بہترین اقتصادی تعلقات قائم ہیں، اور ان تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے امریکی صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے میں پسندیدگی کا اظہار بھی کیا، ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنا پسند ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم سعودی عرب کی حفاظت کرتے ہیں اور امریکی فوج کے بغیر شاہ سلمان دو ہفتے بھی اقتدار میں نہیں رہ سکتے، تاہم امریکی صدر نے اس بات کی وضاحت نہیں دی تھی کہ یہ پیغام انہوں نے کب اور کس موقع پر شاہ سلمان کو دیا تھا۔

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بغیر کسی معاوضے کے بہت سارے ممالک کا دفاع کررہے ہیں اور وہ ہمارا فائدہ اٹھا کر ہمیں مہنگا تیل فروخت کرتے رہے ہیں جو اچھی بات نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں