فواد حسن فواد وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں، فیاض الحسن چوہان


لاہور: پنجاب کے صوبائی وزیر برائے اطلاعات اور ثقافت فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔

شہباز شریف کو نیب کی جانب سے گرفتار کرنے کے بعد اپنے رد عمل میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آشیانہ اقبال اسکینڈل میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے جس کے تحت سابق وفاقی وزیر خواجہ سعدرفیق اور ان کے بھائی اور صوبائی وزیر سلمان رفیق کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پیراگون سٹی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کی بینیفشری ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کے اس بیان کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا تاہم کچھ دیر بعد ہی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے فیاض الحسن چوہان کے بیان کی تردید کر دی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے نام ای سی ایل پر لانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور وہ اس سلسلے میں آنے والی خبروں کی تردید کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے۔


متعلقہ خبریں