ن لیگ سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے،  بلیغ الرحمان



اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے ہمیشہ اپنے آپ کو اداروں کے سامنے پیش کیا ہے، حالات جتنے بھی مشکل ہوں یہ لوگ کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔

پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں میزبان ثمرعباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب تک کے حالات سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ ن لیگ سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔ نوازشریف پر کسی قسم کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، شہباز شریف پر لگائے گئے الزامات بھی وقت کے ساتھ غلط ثابت ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے پہلے سنگین ترین الزامات لگاتے ہیں اور کچھ وقت بعد سب کچھ ہوا میں اڑ جاتا ہے۔ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کی بہت بات ہوتی ہے، پرویز مشرف کو بھی تو وطن واپس لانا چاہیے۔

پروگرام میں شریک تجزیہ کار شہزاد چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی تقریر کا جو حصہ ابھی سنایا گیا ہے اس میں کوئی خاص بات نہیں تھی، انہوں نے صرف خوشی کا اظہار کیا جس میں کوئی برائی نہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب شاید ان کے لیے ہمدردی کی لہر نہیں اٹھے گی کیونکہ لوگوں کو سمجھ میں آ گیا ہے کہ کون کیسا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے اپنا کام بالکل ٹھیک طرح کر رہے ہیں، ان پر کوئی دباؤ نہیں۔ احتساب ایسے ہی ہوتا ہے اور ایسے ہی ہونا چاہیے۔

شہزاد چوہدری نے مزید کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیئے، جو کوئی بھی کچھ غلط کرے اسے اس کی سزا ملنی چاہیئے، سابق صدر پرویز مشرف کو بھی ملک واپس لانا چاہیئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیئے لیکن وقت کا انتخاب معنی خیز ہے۔ عام انتخابات کے وقت نوازشریف کو گرفتار کیا گیا تھا ا اور آج ضمنی انتخاب قریب ہیں تو شہباز شریف گرفتار ہو گئے ہیں، یہ چیز بظاہر درست نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلے صرف ن لیگ کے خلاف ہی کیوں آ رہے ہیں؟ اگر پیپلزپارٹی یا کسی مخالف جماعت کا اکاؤنٹ ملے تو اس پر جے آئی ٹی بنا دی جاتی ہے لیکن کسی اور کے خلاف بڑے سے بڑے مقدمے میں بھی کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔

رانا مشہود کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی راہیں روشن تبھی ہوتی ہیں جب عوام انہیں ووٹ دے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نذر محمد گوندل نے کہا کہ فواد چوہدری کے بیان میں کی گئی باتوں کا مطلب یہ تھا کہ ابھی تو ایک مقدمہ چلا ہے، اور بھی مقدمات چلیں گے اور فیصلے آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں حکومت توڑنے کے لیے ہمیشہ کرپشن کارڈ کھیلا جاتا ہے لیکن اس وقت جس شخص کے ہاتھ میں حکومت ہے اس پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں