سائنس و ٹیکنالوجی کے بجٹ میں 44 فیصد کٹوتی


اسلام آباد :وفاقی حکومت نے سائنس و ٹیکنالوجی کے ترقیاتی بجٹ میں 44 فیصد کٹوتی کردی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ترقیاتی بجٹ میں ایک ارب 17 کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد کا کٹ لگایا گیا ہے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق سائنس و ٹیکنالوجی کے گیارہ میں سے دس نئے منصوبے ڈراپ کردیئے گئے ہیں۔ جن منصوبوں کو ڈراپ کیا گیا ہے ان میں نسٹ یونیورسٹی کی لیبارٹریز کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

ہم نیوز کے مطابق مسابقتی تحقیق کا 20 کروڑروپے کا منصوبہ ڈراپ کیا گیا ہے،نیو ٹیک یونیورسٹی منصوبے کے لیے بھی بجٹ مختص نہیں کیا گیا، دس کروڑ روپے کی مالیت کا ماڈل سائنس اسکول کا منصوبہ ڈراپ ہوا ہے اور
تین کروڑ روپے کی مالیت کا پاک کوریا سولر ٹیسٹنگ منصوبہ بھی ڈراپ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کینسل ہونے والے منصوبوں میں گراؤنڈ واٹر مینجمنٹ کے لیے کاریز کی بحالی کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

ہم نیوز کوذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا بجٹ جی ڈی پی کے ایک فیصد سے بھی بہت کم ہے۔

قائمہ کمیٹی نے بجٹ کو جی ڈی پی کا چار فیصد تک لے جانے کی درخواست کی تھی۔


متعلقہ خبریں