پاکستان نے مطلوب مجرم برطانیہ کے سپرد کردیا


اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے برطانیہ میں مطلوب ملزم شاہد محمد کو یو کے کی نیشنل کرائم ایجنسی کے حوالے کردیا ہے۔ ملزم پر سات افراد کے قتل کا مقدمہ درج ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم 2002 میں قتل کی واردات کے بعد پاکستان آیا اور اڈیالہ جیل میں قید تھا۔

شاہد محمد پر برطانیہ میں ایک گھر کو جلا کر سات افراد کو جھلسا کر مارنے کی تحقیقات کی جا رہی تھیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سیکشن گیارہ آف ایکسٹراڈیشن ایکٹ 1972 کے تحت ملزم کو برطانیہ حکومت کے حوالے کیا گیا ہے۔ برطانیہ سے آنے والے اسپیشل چارٹڈ طیارے میں شاہد محمد کو لے جایا گیا جہاں ان کا کریمنل ٹرائل ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے حالیہ اقدام سے پاکستان کو مطلوب مجرمان کی برطانیہ سے واپسی کی راہ ہموار ہو گی۔

گزشتہ ماہ ستمبر میں برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان انصاف اور احتساب کے معاملہ پر شراکت داری کا معاہدہ  ہوا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ برطانیہ سے قیدیوں کی رہائی کے لیے معاہدہ دوبارہ شروع کر رہے ہیں اور ملزمان کے تبادلے کے لیے معاہدہ کی تجدید بھی کریں گے۔


متعلقہ خبریں