تحریک انصاف معاہدے پر عملدر آمد کرے، فاروق ستار

پی ٹی آئی معاہدے پر عملدرآمد کرے، فاروق ستار | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہمارے ساتھ  ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کرے۔

کراچی کی مقامی عدالت میں پیشی کے موقع پر ذرائع ابلاغ  سے گفتگو کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور ان کے وزرا کو بتانا چاہتا ہوں کہ لالی پاپ والا تاثر ختم کیا جائے اور ایم کیو ایم کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور پانی سمیت لاپتہ افراد کی بازیابی معاہدے میں شامل تھا اور اب ہماری بہنیں اور بیٹیاں غیر محفوظ ہیں، علاقے کے لوگوں کو کمیونٹی پولیس میں شامل کرنا چاہیئے۔

فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ گیس، بجلی اور تیل کی قیمتیں کم کی جائیں۔ غریب عوام پر ٹیکس زیادہ ہیں شیئر ٹیکس میں کمی کی جائےاگر تیل، گیس اور عوام پر ٹیکس کم نہیں کیے گئے تو معشیت میں بہتری نہیں آسکے گی۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ میں عمران خان کی توجہ دلانہ چاہتا ہوں کہ بجٹ میں ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے مہنگائی اور غربت میں کمی آئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی بجٹ سے عوام کو ریلیف نہیں مل رہا 100 کے دن منصوبے میں دعوے کچھ اور ہیں اور بجٹ میں کچھ اور ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوست ملک چین کے ساتھ  ہماری پارٹنر شپ ہے اگر چین سرکلر ریلوے کے لیے تیار ہے تو کراچی والوں کو یہ سب ملنا چاہیے جب کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر اسد عمر کی بجٹ تقریر میں کہیں بھی کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی بات نہیں تھی۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں بچوں کے اغوا کا معاملہ سنجیدہ ہے اس پر صوبائی حکومت کو خاص توجہ دینی چاہیے۔


متعلقہ خبریں