ڈی پی او پاکپتن تبادلہ سمیت اہم مقدمات کی سماعت آج ہو رہی ہے

فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) پاکپتن تبادلہ کیس سمیت اہم مقدمات کی سماعت آج ہو رہی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم بینچ مقدمات کی سماعت کرے گا۔

عدالت عظمیٰ ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل تبادلہ کیس کی سماعت کرے گی۔ عدالت نے ڈی پی او تبادلے پر سیاسی اثرورسوخ سے متعلق رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔  سربراہ نیکٹا خالق داد لک کو معاملے کی تحقیقات کر کے رپورٹ دینے کا حکم دیا گیا تھا، خالق داد نے تحقیقاتی رپورٹ منگل کو عدالت عظمیٰ میں جمع کرائی تھی۔

پنجاب کے میگا پراجیکٹس سے متعلق کیس کی سماعت بھی آج ہو گی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ، سیکریٹری فنانس سمیت دیگر فریقین سے رپورٹ طلب کر رکھا ہے۔

سرکاری گھروں میں غیر قانونی رہائش سے متعلق کیس اوراسلام آباد میں صنعتی زون کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کیس کی سماعت بھی ہو گی۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بینچ میڈیا ورکرز کی تنخواہوں سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا جب کہ جنگلات کی کمی سے متعلق کیس کی سماعت بھی ہو گی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اراکین قومی اسمبلی کی دہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا جب کہ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بینچ انتخابی عذرداری سے متعلق درخواست کی سماعت کرے گی۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت سزائے موت کیس کی سماعت کرے گا۔

عالمی براڈ شیٹ کمپنی کے پانامہ جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم ٹین کے حصول کے لیے دائر مقدمے کی سماعت ہو گی۔ سپریم کورٹ نے نیب اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ  کرے گا۔


متعلقہ خبریں