کارکنوں کے ساتھ شاہ محمود قریشی کا رویہ ٹھیک نہیں، سلمان شاہ

کارکنوں کے ساتھ شاہ محمود قریشی کا رویہ ٹھیک نہیں، سلمان شاہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان نعیم  نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین ایک منجھے ہوئے سیاست دان ہیں جو دوسروں کوعزت دینا بھی جانتے ہیں، مگر شاہ محمود قریشی کی طبیعت اس کے برعکس ہے اور ان کا برتاؤ پارٹی کے نوجوان کارکنان کے ساتھ اچھا نہیں ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شا ہ زیب کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے پاس کبھی بھی دو شناختی کارڈ نہیں رہے، پارٹی قیادت کو علم ہے کہ شاہ محمود قریشی اس معاملے کے پیچھے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما سلمان نعیم نے یہ بھی شکوہ کیا کہ شاہ محمود قریشی وائس چیئرمین ہیں لیکن اگر ان کا یہی رویہ رہا تو پارٹی کا نظم و ضبط بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پروگرام میں شریک رہنما پی ٹی آئی سینیٹر نعمان وزیر خٹک کا سی پیک کے بارے میں کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بیٹھ کر قرض کی واپسی کے بارے میں سوچنا ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ پی ٹی آئی حکومت گزشتہ حکومت کے کسی فیصلے کو آگے بڑھانے کے بجائے یوٹرن لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق ہر ملک دیگر ممالک میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے، اسی طرح سی پیک بھی تمام ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔

بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ تارکین وطن اب پاکستان میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، شرط یہ ہے کہ ایک مشاورتی کونسل اس معاملے کو مناسب طریقے سے دیکھ سکتا ہے۔

پروگرام کے دوسرے حصے میں سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ابھی تک اتنی اسمارٹ نہیں ہے کہ ماحول کو سمجھتے ہوئے میچ میں پرفارم کرے۔ اگر قومی کھلاڑی محمد حفیط کو ایشیا کپ سیریز میں لے کر جانا ضروری تھا تو انہیں پہلے لے جانا چاہیے تھا۔

بھارتی اینکر کے سوال کا سخت جواب دینے کے معاملہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے بارے میں بات کر رہی تھیں نہ کہ ملکی کرکٹ ٹیم کے بارے میں، خاتون ہونے کے ناطے میں نے کوشش کی کہ تمیز کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا موقف دے دوں۔

شعیب اختر نے کہا کہ ملک اور ملکی کرکٹ ٹیم کے بارے میں کوئی بات برداشت نہیں کی جا سکتی۔


متعلقہ خبریں