وقفہ سوالات کے لیے وزیراعظم کی موجودگی کے لیے ترمیم پیش

وزیراعظم کے وقفہ سوالات کی ترمیم پیش|HUMNEWS.PK

اسلام آباد: وزیرمملکت علی محمد خان نے وزیراعظم کو وقفہ سوالات قومی اسمبلی کی کارروائی میں شامل کرنے کی ترمیم پیش کردی ہے۔

ترمیم میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی مجموعی اساسی پالیسی یا کارکردگی سے متعلق معاملات پر وزیراعظم جواب دیں گے، ہر اجلاس میں پہلے بدھ  کو وزیراعظم کا وقفہ سوالات ہو گا تاہم یہ ان کی دستیابی سے مشروط ہو گا۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ ترمیم ایک اچھا قدم ہے لیکن وزیراعظم کی دستیابی کی شرط ختم کی جائے کیونکہ انہیں جواب دینے کا پابند ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پہلے بدھ کو وہ دستیاب نہ ہوں تو وقفہ سوالات اگلے بدھ کو منتقل کیا جائے اور یہ بھی واضح ہو کہ وزیراعظم کس چیز کا جواب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترمیم  بہتر کرنے کی ضرورت ہے اسے قائمہ کمیٹی بھیجا جانا چاہیے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر نے بھی ترمیم کو پہلے متعلقہ کمیٹی میں زیر غور لانے کا مطالبہ کیا جبکہ نفیسہ شاہ، خرم دستگیر اور اپوزیشن کے دیگر ارکان نے بھی اس میں بہتری کا مطالبہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں