دہلی سے گفت وشنید کی بات کرنا درست ہوگا؟سینیٹر رضا ربانی


اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر نمائندہ سینیٹرمیاں رضا ربانی نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور افواج بھارت کی گیڈر بھبکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر بھارت کے سامنے کھڑی ہوجائے گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا نئی دہلی سےگفت وشنید کی بات کرنا درست ہوگا؟

سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹررضا ربانی نے خبردار کیا کہ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر بھارت کے سامنے کھڑی ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ  موجودہ حکومت آنے کے بعد سے بھارت کے ساتھ مذاکرات کی آوازیں آرہی ہیں جب کہ دوسری جانب بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ کے دورہ بھارت کے دوران مشترکہ اعلامیہ میں دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کا نام لیا گیا اور ہماری حکومت کی جانب سے خط میں بھارت کو کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے معاملے سمیت تمام امور پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

پی پی پی کے سینیٹررضا ربانی نے استفسار کیا حکومت کشمیر کی تحریک آزادی کی سیاسی اور سفارتی حمایت سے دستبردار ہورہی ہے؟ اور یا پھر وہ کون لوگ ہیں جن کو خوش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے مشیر نے فنانشل ٹائمز کو انٹرویو دیا اور کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ ایک سال کے لیے معطل کیا جائے جب کہ حکومتی تردید میں اسے سیاق و سباق سے ہٹ کر شائع کرنے کا کہا گیا۔

سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوھدری کا کہنا تھا  کہ سینیٹر رضا ربانی نے  انتہائی اہم مسئلے کی جانب توجہ دلائی ہے کیونکہ اپوزیشن کی کے بیانات پر دنیا میں غلط پیغام گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سالمیت کے لیے ہم سب سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے منصب سنبھالتے ہی بھارت کی جانب سے مبارکباد کا خط موصول ہوا تھا جس کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے خط کا جواب دیا تھا۔

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کا بنیادی مسئلہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کے تنازعے کے حل کے بغیر بات آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  کروڑوں لوگوں کو غربت کی لکیر سے اوپر لانا وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے اور اس کے لیے ہم پاکستان میں دنیا کی دو بڑی منڈیاں لائیں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے بتایا کی ہم بھارت کے ساتھ بڑی منڈی کے قیام کے لیے مذاکرات چاہتے ہیں لیکن بھارتی عزائم کچھ اور ہیں۔


متعلقہ خبریں