دہلی: بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے گیدڑ بھبکی دی ہے کہ پاکستان کو درد محسوس کرانے کا وقت آگیا ہے ۔ انہوں نے بڑھک مارتے ہوئے کہا کہ مزید اقدامات کی تفصیلات نہیں بتاسکتے ہیں۔
بھارت میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے خوش گمانی کا شکار جنرل بپن راوت نے کہا کہ بھارتی فوج کی کارروائی میں ہمیشہ سرپرائز ہوتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان وہی کررہا ہے جو وہ کرتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالف کو بھی درد کا احساس دلانا چاہیے۔
بھارتی فوج کے سربراہ نے مسلسل نئے ہتھیاروں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مخصوص ہتھیار ہم ایک حد تک استعمال کرسکتے ہیں۔
بھارتی فوج کی جانب سے ماضی میں بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے پاکستان پر کامیاب سرجیکل اسٹرائیک کی ہے۔ بھارتی دعوے کی نفی نہ صرف پاک فوج نے کی بلکہ پوری دنیا کے فوجی مبصرین نے بھی علاقے کے دورے کے بعد بھارتی فوج کے دعوے کو جھوٹ کا پلندہ قراردیا تھا۔
نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد مشیر قومی سلامتی امور کا منصب سنبھالنے والے اجیت دیول نے بھی پاکستان کو کانٹے سے کانٹا نکالنے کی گیدڑ بھبکی دی تھی۔
پاکستان میں برسراقتدارآنے والی عمران خان حکومت نے بھی امن پسندی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو وزرائے خارجہ کی سطح پر مذاکرات کی دعوت دی تھی لیکن اپنے اندرونی خلفشار کے باعث مودی سرکارمذاکرات پر آمادگی ظاہر کرکے پیچھے ہٹ گیا۔
بھارت میں 2019 انتخابات کا سال ہے اورنریندر مودی سرکاری ایک مرتبہ پھر مسلمان اورپاکستان مخالفت کو بنیاد بنا کرانتہاپسند ہندوؤں کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے جس کی وجہ سے دیگر اقلیتیں بھی عدم تحفظ کاشکار نظر آرہی ہیں۔