وزیرصحت نے پیٹ میں قینچی بھولنے کا نوٹس لے لیا


لاہور: پنجاب کی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سول اسپتال گوجرانوالہ میں ڈاکٹرز کی غفلت کے باعث مریضہ کے پیٹ میں مبینہ طور پر قینچی بھول جانے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق واقعہ کی تفتیش کے لیے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر ارشد چوہان کی سربراہی میں دو رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ کمیٹی میں سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور کے پروفیسر وارث بھی شامل ہیں۔ 

سیکرٹری ہیلتھ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق یہ کمیٹی مریضہ کے اہل خانہ کے الزام کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔ ساتھ ہی کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ کیا آپریشن کے دوران مقرر کردہ ایس او پیز(قواعد و ضوابط) پر پوری طرح عملدرآمد کیا گیا یا نہیں؟

ہم نیوز کے مطابق سول اسپتال گوجرانوالہ میں آپریشن کے دوران ڈاکٹر قینچی اور دیگر اوزار مریضہ کے پیٹ میں ہی بھول گئے تھے۔ اہل خانہ نے اسپتال عملے کی غفلت کے خلاف کیس درج کرایا جس پر پولیس و دیگر ادارے حرکت میں آئے اور وزیر صحت نے نوٹس لیا۔ 


متعلقہ خبریں