نئی دہلی: بھارت میں مون سون کی طوفانی بارشوں سے 1400 افراد ہلاک ہوئے اور 17 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہوئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مون سون کی بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، آسمانی بجلی اور گھروں کی چھت گرنے کے ہزاروں واقعات پیش آئے۔ چھ بھارتی ریاستوں میں سیلابی ریلوں اور حادثات میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے، سب سے زیادہ نقصان بھارتی ریاست کیرالہ میں ہوا جہاں 488 افراد طوفانی بارشوں کے باعث ہلاک ہوئے۔
ایک اندازے کے مطابق 19 ہزار کروڑ روپے سے زائد کا مالی نقصان بھی ہوا ہے۔ بھارتی ریاست اتر پردیش، آسام، مغربی بنگال اور کرناٹک میں مجموعی طور پر 70 لاکھ افراد متاثر ہوئے جب کہ 17 لاکھ ریلیف کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔
75 ہزار ایکٹر رقبے پر کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
اس سے قبل 2015 میں بھی مون سون بارشوں سے بھارت میں 1480 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔