سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے افغانستان کو شکست دے دی

سپر فور مرحلہ، 32 رنز پر افغانستان کے دو کھلاڑی آؤٹ | urduhumnews.wpengine.com

دبئی: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ میچ کے آخری اوور میں پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے دس رنز ضرورت تھے اور اس کی تین وکٹیں باقی تھیں۔ اوور کی پہلی گیند پر کوئی رن نہیں بنا تاہم اگلی دو گیندوں پر شعیب ملک نے ایک چھکا اور ایک چوکا مار کر پاکستان کو فتح دلائی۔

اس سے قبل افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں  چھ وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے۔ پاکستان نے یہ ہدف 49.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔

پاکستانی بیٹنگ کو پہلا دھچکا اس وقت لگا جب فخر زمان پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد امام الحق اور بابر اعظم نے پاکستانی بیٹنگ کو سنبھالا دیا اور 154 رنز کی شراکت قائم کر کے جیت کے لیے راستہ ہموار کیا۔ امام الحق نے 80 جبکہ بابر اعظم نے 66 رنز بنائے۔

ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہو گئی اور حارث سہیل، سرفراز احمد، آصف علی اور محمد نواز بھی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتےگئے۔ اس مشکل مرحلے میں شعیب ملک نے اپنے اعصاب پر قابو رکھا اور آخری اوور تک کریز پر ڈٹے رہے۔

اس سے قبل افغان کھلاڑی حشمت اللہ شاہدی نے 118 گیندوں پر 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچانے میں مدد کی۔ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران سات چوکے لگائے، مقررہ اوورز ختم ہونے کی وجہ سے وہ اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔

افغانستان کے اوپنر بلے باز احسان اللہ اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہیں کر پائے اور صرف دس کے انفرادی اسکور پویلین لوٹ گئے۔ 

 نجیب اللہ زدران پانچ، محمد نبی نے سات، محمد شہزاد نے 20، رحمت شاہ 36 اور اصغر افغان نے 67 رنز بنائے۔

افغانستان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے سپر فور مرحلے کا شیڈول تبدیل کیے جانے کے بعد  پاکستان اور افغانستان کا میچ ابو ظہبی کے شیخ  زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

افغانستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں محمد عامر، شاداب خان اور فہیم اشرف کی جگہ حارث سہیل، شاہین آفریدی اور محمد نواز کو قومی ٹیم میں شامل کیا گیا۔

شیخ زید اسٹیڈیم پر اب تک ہونے والے میچز کے ریکارڈ کے مطابق نمبر تین پر کھیلنے والے بلے باز اپنی ٹیموں کے لیے زیادہ مفید رہتے ہیں۔ آج کے میچ میں دیکھنا ہو گا کہ بابر اعظم پاکستان کے لیے مفید رہتے ہیں یا رحمت شاہ افغانستان کے لیے بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔

سپر فور مرحلہ کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کے میچ ابو ظہبی منتقل کر دیے تھے۔ متحدہ عرب امارات کے اہم کرکٹ گراؤنڈرز میں سے ایک کا درجہ رکھنے والے شیخ زید اسٹیڈیم میں میچ منتقل کیے جانے پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں