سعودی عرب کے امدادی پیکج کا علم نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ افغانستان انتہائی مفید تھا جب کہ سعودی عرب کے امدادی پیکج کا علم نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا دورہ افغانستان مثبت رہا ہے جب کہ جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کھولنے پر بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس وقت وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں تاہم وہاں سے ملنے والے امدادی پیکج کے حوالے سے ابھی کوئی علم نہیں ہے۔ عمران خان کے دورے کے اختتام پر تمام تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے وزیر اعظم کی پاک بھارت میچ میں شرکت کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی پاک بھارت میچ میں شرکت کا علم نہیں ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کے معاملے پر صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ اس معاملے پر کوئی اب ڈیٹ نہیں ہے جب کوئی اپ ڈیٹ ہو گی تو ہی شیئر کریں گے۔

برطانیہ میں ایک تقریب کی پاکستانی ہائی کمشنر نے میزبانی کی تھی جس کا وزیر خارجہ نے نوٹس لیتے ہوئے صاحبزادہ احمد خان کو فوری طور پر طلب کر لیا تھا۔ 


متعلقہ خبریں