لاہور: پنجاب حکومت نے عمران خان کے 100 روزہ تبدیلی منصوبے پر کام تیز کرتے ہوئے ایوان وزیراعلی میں محکموں میں بہتری کی نگرانی کے لیے باقاعدہ سیل قائم کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے 100 روزہ پلان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تین ماہ میں شہریوں کو تمام محکموں میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلی مانیٹرنگ سیل کے لیے باقاعدہ دفتر بنایا گیا ہے، سیل کی نگرانی وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار خود کریں گے۔
ذرائع کے مطابق تمام وزرا کو اپنی روزانہ کارکردگی اور حکمت عملی پر مشتمل رپورٹ مانیٹرنگ سیل کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ وزیراعلی تمام وزارتوں سے موصول ہونے والی رپورٹس کا جائزہ لے کر ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کریں گے۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے ہفتہ وار رپورٹ میں منصوبے پر عمل درآمد کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔