اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو انتخابی دھاندلی پر کمیشن بنانے کے لیے کل تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں صدر مملکت کے خطاب پر مایوسی ہوئی ہے، اس میں روایتی باتیں تھیں، اپنے خطاب میں صدر مملکت نے انتخابی دھاندلی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ کل تک انتخابی دھاندلی پر پارلیمانی کمیشن بنایا جائے، اگر حکومت نے یہ مطالبہ نہیں مانا تو پاکستان پیپلزپارٹی متحدہ اپوزیشن کا حصہ بن سکتی ہے۔
میاں نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کہ وہ جاتی امرا تعزیت کرنے گئے تھے اس لیے سیاست پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
اس سے قبل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدرمملکت عارف علوی کے خطاب کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام ف نے واک آؤٹ کیا تھا تاہم پاکستان پیپلزپارٹی نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔