لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے اعلان کے مطابق اتوار کو گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھلا رہے گا اور فیملیز صبح دس بجے سے شام پانچ بجے تک یہاں کی سیر کر سکیں گی۔
گورنرہاؤس میں آنے والی فیملیز کے پاس شناختی کارڈ کا ہونا لازمی ہو گا، عوام یہاں کے چڑیا گھر اور جھیل سمیت دیگر مقامات کی سیر کر سکیں گے۔
یہاں آنے والوں کے استقبال کے لیے صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی بھی موجود ہوں گے، گورنر ہاؤس آنے والوں کو الحمرا کی طرف سے داخلے کی اجازت ہو گی۔
پیر کے روز گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اعلان کیا تھا کہ گورنر ہاؤس لاہور کو ہر اتوار صبح دس سے شام پانچ بجے تک کھول دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ سرکاری عمارات قوم کا اثاثہ ہیں، عوام کے اندر رہ کر جو تسکین ملتی ہے وہ بڑی سرکاری عمارات میں رہنے سے نہیں ملتی۔