پاکستان سپر لیگ فور کا آغاز 14 فروری سے ہو گا


لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری 2019 کو متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔

ایونٹ کے آخری آٹھ میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل میچ 17 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ رواں سال اکتوبر کے آخر میں ہو گی۔

پی ایس ایل 4 کے انعقاد کا فیصلہ چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کی زیرصدارت  پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں ہوا جس میں تمام فرنچائز مالکان نے بھی شرکت کی۔

فرنچائز مالکان نے احسان مانی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید کا اظہار کیا کہ وہ پی ایس ایل کی کامیابی اور بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش کے مطابق پی ایس ایل کو بڑا برانڈ بنانا ہے جس کے لیے پی ایس ایل 4 کے آخری 8 میچز پاکستان میں کرائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرنچائز مالکان کو بھی نیلامی کی کمیٹی کا حصہ بنایا جائے گا اور مالکان کے تعاون سے ہی  پاکستان سپر لیگ کو کامیاب بنایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں