اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اتوار کو اپنے پہلے دورے پر کراچی پہنچیں گے جہاں وہ مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
بحیثیت وزیراعظم ان کا کراچی کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ وزیراعظم ساڑھے بارہ بجے وہاں پہنچیں گے اور مزار قائد پر حاضری دیں گے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں ایک روزہ قیام کے دوران وہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزير اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس دوران روشنیوں کے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور گرين لائن منصوبے پر انہیں بريفنگ دی جائے گی۔
عمران خان سہ پہر تين بجے تاجر برادری سے ملاقات کريں گے، کراچی میں قیام کے دوران وہ ميڈيا ہاؤسز کے مالکان اور اینکرز سے بھی ملاقات کريں گے۔
ذرائع کے مطابق وہ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں پودا لگائیں گے اور گورنر ہاؤس ميں ڈيمز فنڈ کے ليے منعقدہ عشائيہ ميں شرکت بھی کريں گے۔
عمران خان کل رات دورہ مکمل کر کے کراچی سے اسلام آباد کے ليے روانہ ہو جائيں گے۔